پنجاب ٹیچرز یونین ضلع راولپنڈی کے معروف رہنما راجہ محمد اشراق نے چودہ دسمبر کو یونین کے ہونے والے انتخابات میں صدارت کے عہدے کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔میل جول نیوز ڈیجیٹل سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینے کا مقصد مشکل حالات سے گزرنے والے اساتذہ کرام کی بھرپور نمائندگی کرنا اور قیادت کے فقدان کو دور کرنا اور تمام اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے تاکہ نفرتوں، غلط فہمیوں اور باہمی دوریوں کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کی منظوری کیلئے جدوجہد اولین ترجیح ہوگی جبکہ پنجاب ٹیچرز یونین کو اس کی اصل روح کے مطابق فعال اور مضبوط بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر تعلیمی اداروں سے متعلق ظالمانہ فیصلوں کے خلاف موثر آواز اٹھانا اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ان کی انتخابی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہوگا۔