پنجاب کالج کہوٹہ کیمپس ترکھیاں میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فیئر 2025 کا انعقاد

پنجاب کالج کہوٹہ کیمپس  میں سالانہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فیئر 2025 کا انعقاد کیا گیا۔ سائنس فیئر میں فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں جدید اور تخلیقی ماڈلز نمائش کے لئے پیش کئے گئے، جنہیں دیکھنے کے لئے طلبا، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
نمائش کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی تخلیقی سوچ کو اُجاگر کرنا، جدید آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی کرنا اور طلبا و طالبات کو آگے بڑھنے کے نئے مواقع فراہم کرنا تھا۔
سائنس فیئر میں شریک طلبا و طالبات نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پنجاب کالج کہوٹہ کیمپس کے زیراہتمام منعقدہ یہ فیئر صرف ایک نمائش نہیں بلکہ نئی سوچ کا سفر ہے، جو انہیں اپنی مستقبل کی پیشہ ورانہ زندگی کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
شرکاء نے تمام اسٹالز کا تفصیلی جائزہ لیا اور طلبا کی محنت، تخلیقی صلاحیت اور جدید ماڈلز کی بے حد تعریف کی۔ اس موقع پر شہریوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کے لئے ایسا بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد عارف قریشی سمیت مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔
سائنس فیئر 2025 میں تحصیل کہوٹہ کے مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبا و طالبات نے خصوصی طور پر شرکت کی،
سائنس فیئر کے شاندار اور کامیاب انعقاد میں ڈائریکٹر پنجاب کالج کہوٹہ کیمپس نعیم منہاس، ڈاکٹر نوید اکرم اور ان کی پوری ٹیم نے قابلِ تحسین کردار ادا کیا۔