راولپنڈی دھمیال روڈ کے رہائشی مسمیٰ حمزہ اعجاز جنجوعہ نے بتایا ہے کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ رشتہ داروں کے گھر گئے ہوئے تھے۔ واپسی پر انہوں نے دیکھا کہ گھر کے مرکزی دروازے کا تالا ٹوٹا ہوا تھا اور اندر سامان بکھرا پڑا تھا۔ متاثرہ شخص کے مطابق نامعلوم ملزمان گھر سے تقریباً 10 لاکھ روپے نقدی اور 35 تولہ طلائی زیورات چوری کر کے فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔