ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے منصوبوں کو ووٹ پڑا،عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو جو ووٹ پڑا وہ پنجاب حکومت کے منصوبوں کو پڑا، ہری پور الیکشن میں کے پی حکومت نے انتظامیہ کو دھمکایا، خیبرپختونخوا کے عوام نے بہتر شعور کا مظاہرہ کیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن بہت منفرد تھے، ضمنی الیکشن گالم گلوچ کے بجائے پُرامن ماحول میں ہوئے، گالم گلوچ، فتنہ کے مقابلے میں عوام کی خدمت کے ساتھ الیکشن تھا، عوام نے خدمت کو ووٹ دیا، نفرت کی سیاست کو مسترد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ضمنی الیکشن میں میدان مارا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈکشنری میں ‘جلد شروع ہوگا’ کا لفظ شامل نہیں، مریم نواز منصوبوں پر فوری کام شروع کرانے پر یقین رکھتی ہیں، ن لیگ کو جو ووٹ پڑا وہ پنجاب حکومت کے منصوبوں کو پڑا، ہری پور الیکشن میں کے پی حکومت نے انتظامیہ کو دھمکایا، خیبرپختونخوا کے عوام نے بہتر شعور کا مظاہرہ کیا۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کے پی کے عوام نے دوسرے صوبوں کی کارکردگی کا موازنہ کرکے ووٹ دیا،ہری پور کے عوام نے وزیراعلیٰ کی دھمکیوں کو نظرانداز کرکے ن لیگ کو ووٹ دیا، خیبرپختونخوا کے عوام پنجاب کے اسپتالوں میں علاج کرا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ جن کا فوکس مار کٹائی، جلسے جلوس ہوں، ان کو عوام ووٹ نہیں دیتے، جب وہ حکومت میں تھے تو اس وقت بھی اور آج بھی رو رہے ہیں، ان کی فتنہ فساد کی سیاست کو عوام نے ووٹ نہیں ڈالا، پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا، شکست کھائی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے ہی پلان بنا رکھا تھا کہ ہار کی صورت میں بائیکاٹ کا پروپیگنڈا کریں گے، لاہور اور ہری پور میں الیکشن لڑنے والے کیا پی ٹی آئی کے امیدوار نہیں تھے؟، جب پی ٹی آئی حکومت میں تھی تو اس وقت بھی ضمنی الیکشن ہاری، پی ٹی آئی کیلئے ہر دن یوم سیاہ ہے۔