ضمنی الیکشن:قیدی نمبر804کو گھر میں گھس کر شکست دی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا جو مسلم لیگ ن نے جیتا، قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر شکست دی، جب عوام ساتھ ہوں تو الیکشن کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کرتے۔

صوبائی وزراء اور سیکرٹریوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کبھی اتنی منافقت نہیں دیکھی کہ ہارگئے توبائیکاٹ تھا، جب دھاندلی ہوتی ہے تو دنیا دیکھتی ہے، آج غیر ملکی پبلی کیشن لکھ رہی ہیں کہ پنجاب جادوٹونے پر چلتا تھا، جادوٹونے سے بس تھوڑی دیر کیلئے ہی کامیابی مل سکتی ہے، آج ملاقات کیلئے روتے ہیں، پوری مسلم لیگ ن کے ساتھ یہی ہوتا تھا، میری چھوٹی بیٹی 13سال کی تھی اورملاقات نہیں کرائی جاتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے نوازشریف سے ملاقات کیلئے ہفتے میں ایک بار 20منٹ کی اجازت ملتی تھی، مجھے ماں کی موت کی خبر جیل میں ملی لیکن الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، نوازشریف نے بھی جیل میں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، پی ٹی آئی والے اپنے اعمال کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔