وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے نئے پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ضلع راولپنڈی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی موجود تھے، جنہوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ اس اہم اقدام کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب لائے گا۔ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے سہولت کا باعث بنیں گی۔
پہلے مرحلے میں راولپنڈی کے مختلف روٹس پر 45 الیکٹرک بسوں کی کھیپ کو چلانے کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ بسیں نہ صرف شہر میں فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد دیں گی بلکہ عوام کے لیے سستی اور آسان ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے عالمی ماحولیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور اس سے شہریوں کو کم قیمت،موثر اور صاف ٹرانسپورٹ کا فائدہ ہوگا۔ ہم مزید بسوں کی کھیپ بھی جلد راولپنڈی میں پہنچائیں گے تاکہ پورے شہر کو اس منصوبے کا فائدہ ہو سکے۔