گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک میں یومِ اقبالؒ کے موقع پر بین الشعبہ جاتی تقریری مقابلہ، حماد حسین سال 2025 کے بہترین مقرر قرار

گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک میں علامہ اقبالؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر بین الشعبہ جاتی تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔ اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ماجد وحید بھٹی (سابق پرنسپل) جبکہ مہمانانِ اعزاز میں پروفیسر خالد جاوید صدیقی اور پروفیسر محمد امین (سابق پرنسپل صاحبان) شامل تھے۔

بی ایس کے آٹھ ڈیپارٹمنٹس سے طلبہ و طالبات نے اس مقابلے میں شرکت کی، جو نہایت دلچسپ اور جوش و جذبے سے بھرپور رہا۔ یہ کالج کی تاریخ کا پہلا انٹرڈیپارٹمنٹل اسپیچ کانٹیسٹ تھا جس کا مقصد شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات میں اقبالؒ کے پیغام — یقینِ محکم، عملِ پیہم اور ولولۂ حیات — کو اجاگر کرنا تھا۔

نتائج کے مطابق کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کے طالب علم حماد حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کی، فزکس ڈیپارٹمنٹ کے محمد دانیال نے دوسری، جبکہ اردو ڈیپارٹمنٹ کی طالبہ حفضہ شاہین نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ مجموعی طور پر حماد حسین کو سال 2025 کا بہترین مقرر قرار دیا گیا۔

مہمانِ خصوصی نے کامیاب مقررین کو کلیاتِ اقبالؒ، تعریفی اسناد اور بالترتیب پانچ ہزار، چار ہزار، اور تین ہزار روپے کے نقد انعامات کے چیک دیے۔ اس کے علاوہ دیگر شریک طلبہ و طالبات اور کلامِ اقبالؒ ترنم سے پیش کرنے والوں کو بھی کلیاتِ اقبالؒ اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

تقریب میں کالج کے طلبہ، طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مقررین کی تقاریر کو بھرپور دلچسپی سے سنا اور مختلف مواقع پر تالیوں کی گونج سے داد دی۔ نظم و ضبط کے بہترین انتظامات پر پراکٹوریل بورڈ کے انچارج پروفیسر محمد عثمان صدیقی، ڈاکٹر روبینہ کرن، پروفیسر آسیہ پروین اور ان کی ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی گئی۔ تقریب کے حسین لمحات کو پروفیسر محمد ثاقب اور پروفیسر یاسر ندیم نے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کیا۔

یہ تقریب گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک روشن مثال تھی، جس کا سہرا کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران کے سر جاتا ہے، جن کی سرپرستی، رہنمائی اور حوصلہ افزائی اس کامیاب انعقاد کی بنیاد بنی۔ آخر میں مہمانانِ گرامی اور پرنسپل صاحب نے شعبہ اردو کے اساتذہ کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ کالج میں ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ میں ان کی کاوشیں لائقِ تحسین اور قابلِ مبارکباد ہیں۔