راولپنڈی پولیس کا سرچ آپریشن ،56 غیرقانونی مقیم افغان شہری گرفتار

راولپنڈی: سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے ہیں۔ ان آپریشنز میں پولیس نے 1350 گھروں، 183 دوکانوں، 33 ہوٹلوں، 9 کباڑ خانوں، 8 بس ٹرمینلز، اور 4 مارکیٹس میں داخلی اور کرایہ داری کوائف کی چیکنگ کی۔

پولیس کی جانب سے کیے گئے ان آپریشنز کے دوران 1300 سے زائد افراد کے کوائف کی جانچ کی گئی۔ آپریشن کے دوران 56 غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ایک اشتہاری مجرم بھی حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ کرایہ داروں کے کوائف کی بھی مکمل جانچ کی گئی تاکہ غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کی جا سکے۔

یہ سرچ آپریشنز راولپنڈی کے مختلف تھانہ جات کے تحت کئے گئے جن میں سٹی، بنی، وارث خان، نیوٹاؤن، صادق آباد، پیرودھائی، رتہ امرال، گنج منڈی، کلر سیداں، روات، چونترہ، گوجر خان، دھمیال، صدر واہ، نصیر آباد، مورگاہ اور سول لائنز کے علاقے شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ان آپریشنز کا مقصد علاقے میں امن و امان کا قیام اور جرائم کی بیخ کنی ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ قانون کی بالا دستی اور شہریوں کے تحفظ کے لئے پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان آپریشنز کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیا جائے گا۔