وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

اسلام آباد(بہرام خان،نمائندہ پنڈی پوسٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں کے خلاف بیان دینے کے الزام میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں ایک شہری کی شکایت پر درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق، سہیل آفریدی پر الزام ہے کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور گمراہ کن مواد سوشل میڈیا پر پھیلایا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعلیٰ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ویڈیوز جاری کی گئیں جن میں ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے۔ مذکورہ ویڈیو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل پلیٹ فارم سے بھی شیئر کی گئی۔