جعلی سیمنٹ بنا کر فروخت کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب متعدد گرفتاریاں

اسلام آباد (حماد چوہدری)ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیمنٹ فیکٹری سے تیار کردہ سیمنٹ لادے ایک بیمہ ٹرک کو ضبط کر لیا۔ ابتدائی تفتیش اور ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے سات سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا،

جو اس غیر قانونی دھندے میں ملوث پائے گئے۔ذرائع کے مطابق، یہ گروہ معروف بیسٹ وے سیمنٹ کمپنی کے جعلی بیگز تیار کر کے اپنی ذاتی فیکٹری میں ناقص سیمنٹ بھرتا تھا، جسے مارکیٹ میں اصل کمپنی کے نام سے فروخت کیا جا رہا تھا۔

پولیس نے نہ صرف جعلی فیکٹری کے مالکان بلکہ جعلی بیگز پرنٹ کرنے والوں، سیمنٹ خریدنے والوں اور بیچنے والوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔مزید یہ کہ اس کیس میں بااثر سفارشیں اور رشوت کی پیشکشیں بھی کی گئیں، مگر ایس ایچ او عامر حیات نے پیشہ ورانہ دیانت داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام دباؤ کو مسترد کر دیا۔ان کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی کو علاقہ مکینوں، تاجر برادری اور اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، اور اس کیس کی تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کی جڑیں مکمل طور پر ختم کی جا سکیں۔ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ایک فرض شناس اور نڈر پولیس آفیسر ہیں جو قانون کی بالادستی اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں۔