ٹیکسلا۔ اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعجاز الحق نے ایس ایس جی کے جری افسر میجر عدنان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری ایسوسی ایشن اور تمام کھلاڑی اپنے سابقہ رکن پر فخر کرتے ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری اور ایثار کی لازوال مثال قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید کے ماموں، تمغہ امتیاز یافتہ فرمان احمد سے تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اعجاز الحق نے مزید کہا کہ میجر عدنان اسلام آباد کراٹے ٹیم کے نمایاں رکن رہے اور نیشنل گیمز و نیشنل کراٹے چیمپیئن شپ میں اسلام آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی مرتبہ گولڈ میڈلز جیتے، اس موقع پر اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن سمیت ملک بھر کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی میجر عدنان کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،شرکائے تعزیت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر و حوصلہ عطا کرے آمین۔