روات پولیس کی بڑی کارروائی، کار لفٹر گینگ گرفتار، لاکھوں کی گاڑیاں برآمد

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) روات پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی تین مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد کر لیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تینوں گاڑیاں روات کے مختلف علاقوں سے چوری کی تھیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جن کی بنیاد پر انہیں عدالت میں چالان کیا جائے گا۔

ایس پی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر شہری حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے قابلِ ستائش قرار دیا ہے۔