ایف جی ڈگری کالج پی اے سی کامرہ کینٹ میں میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریب

کامرہ کینٹ۔ ایف جی ڈگری کالج پی اے سی کامرہ کینٹ میں میلاد النبی ﷺ کی تقریب نہایت روحانی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد عرفان چوہدری تھے۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد اللہ کے بابرکت نام سے تلاوت کی گئی۔ طلبہ نے اردو اور انگلش میں پُراثر تقاریر پیش کیں جن کے درمیان نعتیہ کلام نے سامعین کو مسحور کر دیا۔

پورے پروگرام کے دوران طلبہ نے بارگاہِ رسالت میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔اساتذہ کرام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اسسٹنٹ پروفیسر عمیر ہاشمی نے حمد و نعت پیش کی جبکہ لیکچرر محمد زاہد، لیکچرر مدثر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر آفتاب احمد نے پُراثر تقاریر کیں۔ پرنسپل ڈاکٹر اسد مصطفیٰ نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور سیرتِ طیبہ کی پیروی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنی تخلیق کردہ نعت کے اشعار بھی سنائے۔

مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل عرفان چوہدری نے طلبہ مقررین کو تحائف دیے اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلبہ کی اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے روزانہ قرآنِ مجید کی تلاوت اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زندگی میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل نے اپنی تصنیف مہمانِ خصوصی کو پیش کی اور پروگرام حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں سلام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔