ٹیکسلا۔ پاکستان تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کے سینئر نائب صدر اجمل خان تنولی کی کاوشوں سے یونین کونسل گڑھی افغاناں میں سابق کونسلر چوہدری جاوید اور چوہدری مظہر نے اپنی برادری سمیت خان گروپ کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی،اس موقع پر شمالی پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر ملک تیمور مسعود اکبر، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سعد علی خان، وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ ٹیکسلا ساجد محمود خان، سید محسن کاظمی سمیت بڑی تعداد میں رہنما و کارکن شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمالی پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر ملک تیمور مسعود اکبر نے کہا کہ نوجوانوں اور عوام کی بڑھتی ہوئی شمولیت ہی تحریک انصاف کی اصل طاقت ہے، گڑھی افغاناں کے عوام نے بروقت اور درست فیصلہ کیا ہے جس سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔
سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 12 سعد علی خان نے کہا کہ چوہدری جاوید اور چوہدری مظہر کا شامل ہونا نہ صرف علاقے بلکہ تحصیل کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ہے،ہم عوامی خدمت اور مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیں گے۔
آخر میں چوہدری جاوید اور چوہدری مظہر نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور عوامی خدمت کی سیاست کو آگے بڑھانے کا وقت آ چکا ہے، وہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ملک تیمور مسعود اکبر اور سعد علی خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔