پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج طویل گرمیوں کی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھل گئے۔ یکم جون سے شروع ہونے والی گرمی کی چھٹیاں 15 اگست تک جاری رہنی تھیں،
تاہم صوبے میں شدید گرمی کی لہر کے باعث صوبائی وزیر تعلیم نے چھٹیوں میں مزید پندرہ دن کی توسیع کر دی تھی۔
اس فیصلے پر اساتذہ تنظیموں اور والدین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ غیر معمولی تعطیلات سے تعلیمی سلسلہ شدید متاثر ہوا ہے اور طلبہ کے نصاب کی تکمیل مشکل ہو جائے گی۔
والدین کا کہنا تھا کہ غیر یقینی صورتحال کے باعث بچوں کی پڑھائی کا نقصان ہوا جبکہ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان نے بھی چھٹیوں میں توسیع کو مالی نقصان سے جوڑا۔
ادھر آج صبح اسکولوں میں طلبہ کی بڑی تعداد خوشی خوشی واپس پہنچی۔ کئی شہروں میں اسکولوں کے گیٹوں پر بچوں کی رونق بحال ہوئی تو والدین بھی مطمئن دکھائی دیے۔
اساتذہ نے پہلی ہی روز طلبہ کو نصاب کے تسلسل میں واپس لانے کے لیے خصوصی لیکچرز اور کلاس ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔