ٹیکسلا۔ انسدادِ ڈینگی مہم میں محکمہ صحت کا ڈینگی کے خلاف ایکشن۔ ٹیکسلا میں لاروا کی موجودگی پر متعدد دوکانیں سیل، مالکان پر بھاری جرمانے۔
مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیشِ نظر محکمہ صحت راولپنڈی نے انسدادِ ڈینگی مہم کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اس سلسلے میں ٹیکسلا میں ایک ہنگامی آپریشن کے دوران متعدد دکانوں کو ڈینگی لاروا کی موجودگی پر سیل کر دیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں کو جرمانے کئے گئے ۔
یہ آپریشن چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی کی خصوصی ہدایات پر، اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا محترمہ ماریہ جاوید کی نگرانی میں کیا گیا تحصیل ہیڈکوارٹر کے علاقوں میں ٹیموں نے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کا معائنہ کیا، جہاں متعدد آؤٹ ڈور مقامات سے صاف پانی میں ڈینگی لاروا کی افزائش کی نشاندہی ہوئی کارروائی میں شریک محکمہ صحت کے افسران میں تحصیل ہیلتھ انسپکٹر شاہد، انسپکٹر خالد، سپر وائزر یاسر قیوم، میاں اسرار علی اور ہیلتھ انسپکٹر بلال احمد شامل تھے، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں۔
محکمہ صحت کے مطابق جن مقامات پر لاروا پایا گیا، ان میں سے اکثر جگہوں پر پرانے ٹائر، برتن، پانی کے کولر، اور کچرے کے ڈھیر شامل تھے جہاں بارش کا پانی جمع ہو چکا تھا۔ ایسے عناصر مچھر کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں شہری علاقوں میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں، چھتوں، گلیوں اور دفاتر میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں پرانے ٹائروں، گملوں، ٹینکیوں اور کولروں کی باقاعدگی سے صفائی کریں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا ماریہ جاوید کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی مہم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔ ڈینگی ایک مہلک بیماری ہے جو عوامی غفلت کے باعث پھیلتی ہے۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ محض سرکاری مہمات پر انحصار نہ کریں بلکہ ذاتی طور پر بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں، کیونکہ ڈینگی کا خاتمہ صرف اجتماعی شعور اور ذمہ داری سے ممکن ہے۔
