واہ کینٹ۔ مسلم لیگ(ن) واہ کینٹ کے صدر، صوبائی ٹکٹ ہولڈرپی پی 13،راجہ سرفراز اصغر نے کہا ہے کہ5 اگست یوم استحصال کشمیر،مقبوضہ کشمیر کے رہائشیوں کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کو غصب کیا گیا،آرٹیکل 370اور آرٹیکل370A کی منسوخی بھارتی آئین اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی کی بلکہ کشمیری عوام کی شناخت، تشخص اور آزادی کو چھیننے کی کوشش کی، یہ دن صرف احتجاج کا نہیں بلکہ کشمیریوں سے تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔
میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کا ایک سپاہی ہونے کی حیثیت سے یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں، کشمیری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہماری اپنی بیٹیاں ہیں،ہم کشمیریوں کی دی گئی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، ان کے صبر، حوصلے اور آزادی کے لیے جدوجہد کو ہم سلام پیش کرتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے مقامی صحافی چوہدری امجد حسین سے ملاقات کے دوران کیا، انھوں نے حلقہ کی سیاست پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
راجہ سرفراز اصغر نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور آئندہ بھی کھڑی رہیں گے، ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنیں گے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ رشتہ نہ صرف جغرافیائی ہے بلکہ دلوں کا رشتہ ہے، جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا،ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ہر حال میں ہر فورم پر ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہے ہیں،کشمیری عوام آج بھی انصاف اور آزادی کے منتظر ہیں،عالمی برادری پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر عمل درآمد کرانے میں اپنا کردار ادا کرے