اسلام آباد (رپورٹ: نمائندہ پنڈی پوسٹ)
ڈی ایچ اے فیز 5 اسلام آباد سے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی گاڑی 10 روز بعد کاک پل، دریائے سواں کے مقام سے برآمد کر لی گئی ہے۔ تاہم گاڑی میں موجود مرحوم (ر) کرنل اسحاق کی کمسن بیٹی کی نعش تاحال نہیں مل سکی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
یاد رہے کہ چند دن قبل ہونے والی شدید بارش کے دوران کرنل اسحاق اپنی بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھے جب ایک تیز اور طاقتور سیلابی ریلہ انہیں بہا لے گیا۔ واقعہ کے تین دن بعد کرنل اسحاق کی نعش بحریہ ٹاؤن فیز 4، سیوک سنٹر کے قریب دریائے سواں سے ملی تھی جس کے بعد ان کی بیٹی کی تلاش جاری رکھی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سیلابی پانی کے دباؤ کے باعث گاڑی کئی کلومیٹر دور بہہ گئی تھی اور آج 10 دن بعد اسے کاک پل کے مقام پر دریائے سواں سے نکال لیا گیا ہے۔ گاڑی شدید متاثر اور پانی سے بھری ہوئی تھی۔
تاحال کرنل اسحاق مرحوم کی بیٹی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا جس پر اہل خانہ اور اہل علاقہ شدید غم اور اضطراب کا شکار ہیں۔ ریسکیو ٹیمز نالے کے اطراف اور ممکنہ مقامات پر سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔