بھمبر (نمائندہ خصوصی) – کسگمہ کے رہائشی نوجوان محمد شمعون نے ایک سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیرون ملک بھجوانے کے وعدے پر اسے اغوا کیا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور کئی دن نامعلوم مقام پر قید رکھا گیا۔ نوجوان نے یہ بات کشمیر پریس کلب میں گفتگو کے دوران بتائی۔
محمد شمعون کے مطابق، جبی کا رہائشی ایجنٹ اسد، جو حالیہ دنوں میں بلجئیم میں مقیم ہے، نے اسے کینیڈا بھجوانے کا وعدہ کیا۔ ابتدائی طور پر اسے لاہور بلایا گیا جہاں وہ چار دن رہا۔ بعدازاں ایجنٹ نے شمعون کو بتایا کہ اس کی “سیٹنگ” کوئٹہ میں ہو گئی ہے اور اسے وہاں سے بھیجا جائے گا۔ شمعون بذریعہ ائیر لائن کوئٹہ پہنچا، جہاں سے اسے ملتان لے جایا گیا۔
ملتان پہنچنے پر صورتحال اچانک بدل گئی۔ ایجنٹ اور اس کے ساتھیوں نے شمعون کو نامعلوم مقام پر قید کر لیا، تشدد کا نشانہ بنایا، اور اس سے آٹھ لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون بھی چھین لیے گئے۔
محمد شمعون نے مزید انکشاف کیا کہ سابق آئی جی ایف سی جنرل شیرافگن کی کوششوں اور پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسے بازیاب کروایا گیا اور وہ بحفاظت اپنے گھر پہنچا۔
نوجوان نے بتایا کہ دورانِ گرفتاری بھمبر پولیس نے بھی ان کی فیملی کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا اور بدتمیزی کی۔