جڑوں شہر میں بارشوں نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلے میں تین قیمتی جانیں ضائع، ایک لاش مل گئی


اسلام آباد (حماد چوہدری)راولپنڈی اور اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال نے قیامت ڈھا دی۔ شدید بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے تین قیمتی جانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ماڈل ٹاؤن انڈسٹریل ایریا کے قریب سراں گاؤں کے نالے میں 18 سالہ حماد شاہ تیز پانی کے بہاؤ میں بہہ گیا۔

کئی گھنٹے جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد حماد شاہ کی لاش نالے سے نکال لی گئی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کا تعلق رحیم یار خان سے تھا اور وہ اس وقت اڑہ گاؤں، ماڈل ٹاؤن میں رہائش پذیر تھا۔ متوفی کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔دوسری جانب اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اس وقت دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جب کرنل (ر) اسحاق اپنی بیٹی کو نوکری پر چھوڑنے کے لیے روانہ ہوئے،

مگر اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے ان کی گاڑی کو بہا دیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122، پاک فوج کے خصوصی دستے اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے کئی گھنٹے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔ گاڑی تو برآمد کر لی گئی تاہم کرنل (ر) اسحاق اور ان کی بیٹی کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ریسکیو ٹیمیں اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہیں۔ علاقہ مکین اور متاثرہ خاندان شدید اضطراب اور بے چینی کا شکار ہیں۔