کہوٹہ (نمائندہ خصوصی)
موسلادھار بارشوں کے باعث کہوٹہ آزاد پتن روڈ ٹھنڈا پانی کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق فاروق ہوٹل کے قریب ایک بڑا پہاڑی تودہ سڑک پر آگیا ہے
جس کے نتیجے میں کہوٹہ آزاد پتن روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور روڈ کلیرنس کا عمل جاری ہے تاکہ جلد از جلد ٹریفک بحال کی جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس دوران کہوٹہ آزاد پتن روڈ کی طرف سفر نہ کریں اور متبادل راستہ یعنی کوٹلی کہوٹہ روڈ استعمال کریں۔
ریسکیو حکام نے مزید کہا ہے کہ تودہ ہٹانے اور روڈ کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔