موضع جڑول کلاں میں قبضہ مافیا کی کوشش ناکام، پولیس کی بروقت کارروائی

میرپور (نامہ نگار)
موضع جڑول کلاں میں قبضہ مافیا نے راوف کاشر کی سرپرستی میں رقبہ شاملات پر غیر قانونی قبضے کی کوشش کی، جس نے دفعہ 144 کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔ موضع جڑول کلاں کے تارکین وطن کی قیمتی املاک پر بدوں استحقاق قبضہ کرنے کی کوشش کو پولیس تھانہ تھوتھال کے ایس ایچ او نوید عاطف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ مال خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے لاعلم نظر آتے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ پانچ سال سے تعینات پٹواری بھی قبضہ مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے، یا پھر معاملہ کچھ اور ہے؟

واقعہ شہری محمد راشد نجیب کی درخواست پر سامنے آیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی، قبضہ مافیا کے نمائندے یعقوب کو گرفتار کر کے کام بند کروا دیا۔ پولیس کی اس بروقت کارروائی کو عوامی، سماجی، سیاسی حلقوں اور تارکین وطن نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں