لاہور (نمائندہ پنڈی پوسٹ) پنجاب حکومت نے حالیہ مون سون بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 45 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر مختلف آبی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور دیگر آبی ذخائر میں ہر قسم کی تیراکی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، عوامی مقامات، گلیوں، سڑکوں یا کھلی جگہوں پر بارش کے پانی میں نہانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق، بغیر اجازت کشتی رانی پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جو ڈیموں، نہروں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں لاگو ہوگی۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں اور ان کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے، جو 30 اگست 2025 تک برقرار رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔