ایف بی آر نے سیمنٹ کی کم از کم ریٹیل قیمت مقرر کر دی

وفاقی ادارہ برائے محصولات (فیڈرل بورڈ آف ریونیو – ایف بی آر) نے جولائی 2025 کے مہینے میں سیلز ٹیکس کی شفاف وصولی کو یقینی بنانے کے لیے سیمنٹ کی کم از کم ریٹیل قیمت طے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں ایف بی آر نے پیر کو باقاعدہ نوٹیفکیشن ایس آر او 1126(1)/2025 جاری کیا ہے۔ اس نئے نوٹیفکیشن کے تحت 29 اپریل 2025 کو جاری ہونے والے ایس آر او نمبر 746(1)/2025 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ سیمنٹ کی قیمت کراچی، لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کی ویب سائٹ پر شائع شدہ پچھلے مہینے کی آخری قیمتوں کا اوسط لے کر مقرر کی جائے گی۔ اسی طرح راولپنڈی اور اسلام آباد میں قیمتوں کا علیحدہ اوسط لیا جائے گا۔

ان اوسط قیمتوں سے 25 روپے فی بوری منہا کیے جائیں گے، جس کے بعد سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 3 کی ذیلی دفعہ (2) کی شق (a) کے مطابق سیلز ٹیکس کا تعین کیا جائے گا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سیمنٹ ساز اداروں کی جانب سے انڈر انوائسنگ یعنی اصل قیمت کم ظاہر کرنے کے رحجان کی روک تھام کرنا ہے تاکہ ٹیکس وصولی میں شفافیت برقرار رہے۔

قبل ازیں، اپریل 2025 میں اسی مقصد کے لیے ایس آر او 746(1)/2025 جاری کیا گیا تھا جسے اب ختم کر کے اس کی جگہ نیا حکم نامہ نافذ کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں