53

راولپنڈی،غیر رجسٹرڈ کی فروخت پر ملزم کو 10 سال قید اور بھاری جرما نہ عائد

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) چیئرمین ڈرگ کورٹ راولپنڈی نے غیر رجسٹرڈ، وارنٹی اور لائسنس کے بغیر ادویات فروخت کرنے کے مقدمے میں ملزم انیس اقبال کو مجموعی طور پر 10 سال قید اور 4 کروڑ 5 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے کی سزا سنادی۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزم نے ڈرگ ایکٹ 1976 کی سیکشن 23 (1) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ ادویات فروخت کیں، جس پر اسے 7 سال قید اور 4 کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو ڈیڑھ سال اضافی قید کاٹنا ہوگی۔

اس کے علاوہ، وارنٹی اور لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم کو 3 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی بھی سزا سنائی۔ اس جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

یاد رہے کہ ڈرگ انسپکٹر پوٹھوہار ٹاؤن نے 2019 میں ملزم کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ غیر قانونی ادویات کی فروخت انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں