ر
راولپنڈی پولیس کی سنگین غفلت کا واقعہ سامنے آ گیا جہاں زیرِ حراست ڈکیتی کے ایک ملزم محمد ایاز نے عدالت پیشی کے دوران ہتھکڑی سے ہاتھ نکال کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کر لی۔ یہ واقعہ پنجاب ہاؤس کے قریب اُس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار ملزمان کو عدالت میں پیشی کے لیے کچہری لے جا رہے تھے۔واقعہ نے پولیس کی سیکیورٹی انتظامات پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ فرار کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کو کچھ گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کی گرفتاری میں ایس ایچ او راجہ طاہر، اے ایس آئی آصف خان، اہلکار شرافت اور ہیڈ کانسٹیبل رضوان ظفر ستی نے مرکزی کردار ادا کیا۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کے ذریعے ملزم کو قابو میں کیا اور دوبارہ حراست میں لے لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اہلکاروں کی غفلت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ امکان ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی