پی او ایف سپورٹس کمپلیکس میں سوئی ناردرن گیس کے زیراہتمام پہلے آل پاکستان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح

واہ کینٹ۔ سوئی ناردرن گیس کے زیرِ اہتمام پہلا آل پاکستان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ پی او ایف سپورٹس کمپلیکس واہ کینٹ میں شاندار انداز میں شروع ہو گیا،افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سوئی ناردرن گیس سپورٹس سیل کے وائس پریذیڈنٹ محمد ارشد تھے،

تقریب میں پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری راجہ اظہر محمود، پی او ایف سپورٹس واہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل (ر) غلام ربانی، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات، کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،قومی سطح کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے نامور ٹیمیں شریک ہوئیں، جن میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر، پاکستان آرمی، واپڈا، پولیس، ریلوے، پی او ایف واہ اور میزبان سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں شامل ہیں،

مجموعی طور پر 200 سے زائد کھلاڑی ایونٹ کا حصہ بنے، جن میں 140 مرد اور 60 خواتین کھلاڑی شامل ہیں،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد ارشد نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ادارہ کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹینس، سکواش، ماؤٹینئرنگ اور کلائمبنگ سمیت متعدد کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے اور آئندہ بھی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع فراہم کیے جاتے رہیں گے،

انہوں نے تمام مہمانانِ گرامی، کوچز، ریفری، کھلاڑیوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت کے باعث یہ قومی ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا، تقریب سے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری راجہ اظہر محمود اور پی او ایف سپورٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل (ر) غلام ربانی نے بھی خطاب کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس ایونٹ کو پاکستان میں بیڈمنٹن کے فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا،

ٹورنامنٹ میں قومی و علاقائی سطح کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور شائقین کو شاندار اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، اختتامی سیشن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات، اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں