بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک افسوسناک فضائی حادثے میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ ایئر انڈیا کا تھا اور برطانیہ کے شہر برمنگھم کے لیے روانہ ہوا تھا، جس میں 230 مسافر اور عملے کے 12 افراد سوار تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے نے دوپہر 1 بج کر 38 منٹ پر اڑان بھری، تاہم ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ایک منٹ بعد 1 بج کر 39 منٹ پر پائلٹ کی جانب سے “مےڈے” (ہنگامی حالت) کا سگنل دیا گیا، جس کے فوراً بعد طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
طیارے میں مختلف ممالک کے شہری سوار
خبر رساں اداروں کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر میں سوار افراد میں:
- 169 بھارتی شہری
- 53 برطانوی
- 7 پرتگالی
- 1 کینیڈین
- 11 بچے بھی شامل تھے۔
حادثے کے بعد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم سرکاری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔
اہم شخصیات بھی پرواز میں سوار تھیں
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرواز میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے۔ ان کی حالت یا ممکنہ زخمی ہونے کے حوالے سے ابھی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایئرپورٹ پر پروازوں کی معطلی
حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔