لاہور((نمائندہ پنڈی پوسٹ) حکومتِ پنجاب نے آج سے لاہور سمیت صوبے بھر میں سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ) تھانوں میں مقدمات کے باقاعدہ اندراج کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 7 سنگین نوعیت کے جرائم سی سی ڈی تھانوں میں درج کیے جائیں گے، جن میں ڈکیتی، قتل، ریپ، بد فعلی، اغواء برائے تاوان اور کار چوری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق لاہور میں 3 جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ایک ایک سی سی ڈی تھانہ قائم کیا گیا ہے۔ ان تھانوں کی حدود میں آنے والے شہری اب اپنے کیسز کی درخواستیں براہ راست سی سی ڈی تھانوں میں جمع کروائیں گے۔
ضلعی پولیس کی جانب سے درج کیے گئے ان مقدمات کی تفتیش بھی اب سی سی ڈی کو منتقل کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دیگر اقسام کے مقدمات کا اندراج بھی جلد سی سی ڈی تھانوں میں ممکن بنایا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے بعد سی سی ڈی کے قیام سے اب تک 15 فیصد تک ہیلپ لائن کالز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
حکام نے اس اقدام کو شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔