قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کے بھائی راجہ جاوید اشرف نے گوجر خان میں چوکی انچارج سب انسپکٹر کی تذلیل کی ہے جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔راجہ جاوید اشرف نے گوجر خان میں ایک جلسے کے دوران چوکی انچارج کو اسٹیج پر بلا کر وہاں موجود لوگوں کی طرف رخ کرنے کا کہا۔راجہ جاوید اشرف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوکی انچارج کو میں نے یہاں لگایا ہے، چوکی انچارج کو کہا ہے کہ اگر جھوٹا پرچہ دیا تو یہ سارے اسٹار اتر جائیں گے۔خطاب کے آخر میں راجہ جاوید اشرف نے چوکی انچارج کو جانے کا کہا۔دوسری جانب اس حوالے سے راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے سب انسپکٹر صفدر کو 2 روز قبل معطل کر دیا گیا ہے۔راولپنڈی پولیس کے مطابق افسران کو مطلع کیے بغیر جلسے میں شرکت پر اہل کار کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔راولپنڈی پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ محکمے کے وقار کو مجروح کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔
248