اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت گرائی جارہی تھی تو اُس وقت کے آرمی چیف کو عدم استحکام سے متعلق سمجھایا تھا۔لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اس دوران میں میری طرف سے توتے کی طرح کہا گیا کہ الیکشن کراؤ لیکن حکمران اتحاد پی ڈی ایم اور اُس کے ہینڈلرز نہیں کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانے کا ہمارا مطالبہ ماننے کے بجائے پی ٹی آئی کارکنوں پر سختیاں کی گئیں،جب تک سیاسی استحکام نہیں ہو گا، معاشی استحکام بھی نہیں آئے گا۔سابق وزیراعظم نے مزید کہاکہ اعظم سواتی اور شہباز گل کو حراست میں ننگا کر کے تشدد کیا گیا،گندی ویڈیوز اور آڈیو لیکس جس طرح لیک کرائی گئیں، ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ بیروزگاری اور مہنگائی بڑھ گئی ہے ، مایوسی کے باعث 8 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے ہیں،عام انتخابات ہونے تک استحکام نہیں آئے گا۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ انڈوں کی قیمت 135 سے 246،دودھ 116 سے 156 روپے لیٹر اور چکن 280 روپے کلو سے 460 روپے کا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول 150 روپے لٹر سے 268 روپےجبکہ ٹیوب ویل کی بجلی کایونٹ 8 بجائے 36 روپے کا ہوگیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری ساڑھے 3 سال کی حکومت میں ڈالر 55 روپے مہنگا ہوا تھا،مسائل تب حل ہونگے جب عوامی نمائندہ حکومت اقتدار میں آئے گی۔
92