اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے قتل کا ٹاسک دیے جانے کا دعویٰ کردیا۔ عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے دعویٰ کیا کہ مجھے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، مجھے قتل کرنے کے لیے جنوبی وزیرستان کے علاقے سے دو لوگوں کو ٹاسک دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مجھے قتل کرنے کے لیے دونوں پیشہ ور قاتلوں کو رقم بھی ادا کی گئی ہے، میرے پاس اس منصوبے کے تمام ثبوت موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا تھاکہ عمران خان نے بتایا کہ پہلے بھی کہا تھا مجھے جنونی شخص کے ذریعے قتل کا منصوبہ بنایا گیا ہے، تین شوٹرز کے ذریعے حملہ کروا کر جان سے مارنے کی کوشش کی گئی، جے آئی ٹی نے تفتیش کر کے تین حملہ آوروں کی رپورٹ دی۔ان کا کہناتھاکہ یہ جتنا مرضی کوشش کر لیں مجھ پر دباو نہیں ڈال سکتے۔
86