مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے،تاجروں پر بے تحاشا غیر قانونی جرمانے کیے جا رہے ہیں، شہری پانی صفائی اور دیگر مسائل کے باعث عذاب میں مبتلا ہیں،اسسٹنٹ کمشنر مسائل حل کرنے کی بجائے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے تاجروں کو دیوالیہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوٹھوہار پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سابق صوبائی امیدوار راجہ احمد عزیز بھٹی سمیت سول سوسائٹی کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی، شوکت بھٹی نے کہا کہ گزشتہ شب کوئی نوٹس دئیے بغیر ہوٹل مالکان کو بھاری جرمانے کئے گئے،جبکہ آرڈیننس کے تحت پانچ ہزار روپے سے زیادہ جرمانہ نہیں کیا جا سکتا،اے سی جواب دیں رات دو بجے پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت کیوں جرمانے کیے گئے،جی ٹی روڈ کے شہری آبادی سے باہر کے سروس ایریاز مثتثنی ہیں،اے سی لسٹ پڑھ لیں انہوں نے کہا کہ ایک ہی روڈ پر دو مختلف بکس سے رسیدیں جاری کی گئیں،شوکت بھٹی نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے میدان میں آ گیا ہوں اور اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹوں گا جب تک اسسٹنٹ کمشنر کو یہاں سے تبدیل نہ کرا لوں، انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی ایما پر مجید موڑ پر ایک ہاوسنگ سکیم کے ذریعےلوگوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا، 26سو فائلیں بیچی گئیں وہ سکیم کی ایک بھی ضرورت پوری نہیں کرتی،اسسٹنٹ کمشنر نے انکو کیوں فائلیں بیچنے دیں،اور لوگوں کو رقم واپس دلانے کے لیے انہوں نے اب تک کیا کیا،وہ ایک انچ مزید خریداری نہیں کر سکتے،جب کہ مسہ کسوال کے قریب سکیم کے لیے لوگوں کی زمینوں پر زبردستی قبضے کیے جارہے ہیں،اسسٹنٹ کمشنر کے آفس میں بیٹھ کر کروڑوں کے سودے ہو رہے ہیں،لوگ ان کے پاس قبضہ کی شکایت لے کر جاتے ہیں اسسٹنٹ کمشنر وہاں پر سودے کرآنا شروع کر دیتے ہیں، اربوں کے سودوں میں اسسٹنٹ کمشنر ملوث ہے،شوکت بھٹی نے تمام سیاسی جماعتوں اور تمام تاجر تنظیموں سے کہا کہ وہ عوام کے حقوق کے لئے متحد ہو جائیں،ماضی میں ایم پی اے جاوید کوثر نے تاجروں کے حق میں آواز اٹھائی تھی،میں اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر سے ملوں گا ،عدالتی چارہ جوئی کروں گا،ضلع راولپنڈی میں الیکشن کے باعث 18جولائی تک انکا تبادلہ ممکن نہیں ہے،اس کے بعد انہیں تبدیل نہ کیا گیا تو عوامی سمندر اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے باہر ہوگا پھر دیکھتے ہیں کون ان کی پشت پناہی کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ میرا نام شوکت عزیز بھٹی ہے، کرپٹ لوگوں کا آخر تک مقابلہ کروں گا،میں نے اپنے دور میں عوامی حقوق کا تحفظ کیا،اب بھی ان کہ حقوق کی جنگ لڑوں گا۔
332