164

دولتالہ‘دوہرے قتل کیس کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کا اعتراف جرم

گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) قانون قدرت ہے کہ قتل کبھی چھپتا نہیں، چار سال بعد ملزم نے گونگے بہرے بھائی اور بہن کے دوہرے قتل کا اعتراف کر لیا، 2017 میں پولیس کی جانب سے بیگناہ قرار دیئے گئے ملزم نے زبان کھول دی،تھانہ جاتلی پولیس کارکردگی اور نظام تفتیش پر سوال اُٹھنے لگے، پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث ملزم چار سال تک آزاد گھومتا رہا، تفصیلات کے مطابق فروری 2017 میں تھانہ جاتلی کے علاقہ محلہ چودھری وارث خان کے رہائشی 60سالہ گونگے بہرے عاشق علی کے اغواء کا مقدمہ اس کے حقیقی بھائی شناخت علی نے درج کرایا تھا، مغوی عاشق علی اپنی گونگی بہری بہن کے ہمراہ رہائش پذیر تھا، جسے پڑوسی ندیم درزی اپنے ہمراہ کھجوریں لینے کیلئے لے گیا مگر عاشق علی واپس گھر نہ پہنچا، جس پر پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر کے ملزم ندیم کو شامل تفتیش کیا لیکن بعد ازاں بیگناہ سمجھ کر چھوڑ دیا،ملزم جس مکان میں رہائش پذیر تھا اس نے وہ مکان چند ماہ قبل ایک اور شخص کو فروخت کر دیا،نئے مالک نے تین دن قبل تعمیرات کی غرض سے جب کھدائی شروع کی تو کھدائی کے دوران انسانی ڈھانچے کی ہڈیاں نکلنا شروع ہو گئیں، جس پر پولیس کو طلب کیا گیا، گونگے بہرے مغوی عاشق علی کے بھائی شناخت علی نے انگوٹھی اور مصنوعی دانت سے مقتول بھائی کو شناخت کر لیا جس کے بعد فرانزک سائنس ایجنسی نے موقع پر شواہد اکٹھے کر لئے اور ڈی این اے کیلئے لاہور نمونے لاہور بھجوا دیئے، مدعی مقدمہ شناخت علی نے فی الفور ملزم ندیم کو گرفتار کرنے کیلئے کہا جس پر پولیس نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا اور دوران ریمانڈ ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے پہلے عاشق علی اور 3ماہ بعد اس کی گونگی بہری ہمشیرہ کو بھی قتل کیا،ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے مقتول عاشق کو تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑا جبکہ اس کی بہن کو اپنا پہلا قتل چھپانے کیلئے قتل کیا 2017میں تھانہ جاتلی میں تعینات ایس ایچ او ضمیر حیدر، انچارج پولیس چوکی دولتالہ ظفر اقبال اور ایچ آئی یو کے تفتیشی محمد شریف سب انسپکٹر نے مقدمہ میں عدم دلچسپی لیتے ہوئے ملزم کو چھوٹ دی اور مقدمہ کی فائل کو دبا دیا، اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تینوں پولیس افسران کیخلاف انکوائری کرتے ہوئے محکمانہ کارروائی کی جائے جنہوں نے مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کرتے ہوئے ملزم کو چھوٹ دی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں