راولپنڈی‘کورونا ویکسینیشن کیلئے دیہات کی سطح پر کیمپ لگانے کا فیصلہ

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)ضلع راولپنڈی میں 18سال سے زائد 100فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کیلئے 26جولائی بروز سوموار سے کورونا کی کمیونٹی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مائیکرو پلان ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی کی نگرانی میں تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ سرویلینس آفیسر و ترجمان محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر وقار احمد نے بتائی۔ ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق راولپنڈی ضلع میں 18 سال سے زائد عمر کی 38 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین پہلے ہی لگائی جا چکی ہے اور اب شہریوں کیلئے ویکسینیشن مراکز کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری کو ان کے گھر کے قریب کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب ہو سکے۔ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ کمیونٹی کے سطح پر کورونا ویکسینیشن مہم کے تحت پورے ضلع کی ہر یونین کونسل کی سطح پر آبادی کے تناسب سے ویکیسنشن مراکز قائم کئے جائیں گے، مساجد میں اعلانات کئے جائیں گے اور کمیونٹی کے تمام طبقات سے روابط قائم کرکے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن لگانے کی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر ویکسین کی مہم راولپنڈی کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرنوالہ کے اضلاع میں شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں کورونا ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے اور اس مہم کا مقصد کورونا کے خطرات سے مظبوط تحفظ فراہم کرنا یے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جولائی میں راولپنڈی کے ضلع میں کورونا وائرس کے مثبت کیسوں کی شرح بڑھ کر 6.7 فیصد ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ ماہ جون میں یہ شرح 2.1 فیصد تھی اور گزشتہ سال جولائی میں مثبت کیسوں کی تعداد 4.1 فیصد تھی۔ ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ راولپنڈی ضلع نے آبادی کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی اور اس ضمن میں پورے صوبہ میں محکمہ صحت راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی کمیونٹی مہم کو بھی کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اس حوالے سے محکمہ صحت راولپنڈی کی پوری ٹیم ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر خالد اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کی قیادت میں پرعزم اور متحرک ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں