اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا ، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 150 روپے، گھی 90 روپے اور چینی 17 روپے فی کلو مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔ای سی سی کے فیصلے کے بعد آٹا کا 20 کلو کا تھیلا جو یوٹیلیٹی اسٹورز پر 800 روپے میں دستیاب تھا، اب وہ 950 روپے کا ہوجائے گا۔اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر 170 روپے کلو میں دستیاب گھی کی قیمت 90 روپے اضافے کے بعد 260 روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ای سی سی اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی جو 68 روپے کلو میں مل رہی تھی اب 17 روپے اضافے کی منظوری کے بعد 85 روپے دستیاب ہوگی۔ای سی سی اجلاس میں پاور سیکٹر کے اداروں کے واجبات اور وصولیوں کی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی یوں گردشی قرضے میں 116 ارب روپے کی کمی ہوگی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کینیا سے اشیاء کی درآمد کےلیے دستاویزات کی تصدیق کی فیس ختم کرنے کی منظوری دی۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دے دی، جس کے تحت سستے قرضے دیےجائیں گے۔ای سی سی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی اپ گریڈیشن کےلیے 8 کروڑ 66 لاکھ روپے کنٹریکٹ ایوارڈ اور ٹریڈ نگ کارپوریشن کو کپاس کی 2 لاکھ گانٹھوں کی خریداری کی منظوری دی۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے دو لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی بھی منظوری دےد ی۔
367