کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں رمیشا جاوید اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے زرعی شعبہ کیلئے اقدامات کا آغاز اپنی مثال آپ ہے۔حکومت کا” کسان کارڈ” کسانوں میں نہ صرف خوشحالی لائے گا بلکہ پاکستان میں زرعی شعبے کو بھی بدل کر رکھ دے گا۔کسان کارڈز کے ذریعے کسانوں کو قرضے ملیں گے،کسان مضبوط ہو گا تو ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان کارڈز کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) کلر سیداں بشارت محمود اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اے سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو کھاد، بیج اور کیڑے مار ادویات میں اعانت کیساتھ ساتھ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں متاثرہ فصلوں کیلئے قرضے اور معاونت فراہم کی جائے گی۔کسان کارڈ ملک میں زرعی انقلاب لائے گا جس کے باعث ٹیکنالوجی کے استعمال،زرعی پیداوار میں اضافے اور بیرونی زرمبادلہ بچانے کے لئے کسانوں کی زندگی آسان بنائی جائے گی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) کلر سیداں بشارت محمود اعوان نے بتایا کہ تحصیل کلر سیداں میں اب تک تین سو سے زائد کسان کارڈز تقسیم ہو چکے ہیں اور کسان کارڈز کے اجراء کیلئے کسانوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری ہے
304