کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کی یونین کونسل بشندوٹ میں جانوروں میں چڑنگ اور منہ کھر کی وبائی امراض پھوٹنے سے کسانوں کے متعدد قیمتی جانور جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے نائب صدر راجہ محمد یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ یونین کونسل بشندوٹ میں گزشتہ دو سالوں سے جانوروں میں ویکسی نیشن نہیں کی گئی جس کی وجہ سے متعدد جانور جاں بحق ہو گئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ ویٹرنری کلر سیداں میں وباء کی روک تھام کیلئے کوئی دوائی یا ویکسین موجود نہیں۔ان کے بقول چوکپنڈوری کے نواحی موہڑہ حیال میں چوہدری سراج کی ہمشیرہ کی ڈیڈھ لاکھ مالیت کی گائے جو وبائی امراض کا شکار ہو گئی تھی ایک قصاب کو 18 ہزار روپے میں فروخت کرنا پڑی۔اسی طرح نواحی علاقہ موہڑہ نوجو میں چوہدری یوسف کا قیمتی بچھڑا وبائی امراض کا شکار ہو کرموت کی آغوش میں چلا گیا اس کے علاوہ بھی متعدد جانور وبائی امراض کا شکار ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے کسان محکمہ حیوانات کے پرائیویٹ ڈاکٹروں سے اپنے جانوروں کا علاج معالجہ کروانے میں مجبور ہو گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے نائب صدر نے ضلعی محکمہ لائیو اسٹاک سے فوری نوٹس لینے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ویٹرنری کلر سیداں ڈاکٹر نادر عباس نے رابطہ پر بتایا کہ جہاں بھی وبائی امراض کے پھوٹنے کی اطلاع ملتی ہے ہمارا عملہ فوری طور پر وہاں پہنچ جاتا ہے۔محکمہ میں کسی بھی عملہ کی جانب سے فرائض میں غفلت کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔