روزانہ کی لاکھوں روپے کی دیہاڑی لگانے والا جیب تراش رنگے ہاتھوں گرفتار

تھانہ کلر سیداں پولیس نے روزانہ کی لاکھوں روپے کی دیہاڑی لگانے والے جیب تراش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم حبیب ارشد سکنہ جھنگی سیداں حال مقیم جھنگ روزانہ صبح سے شام کلر سیداں سے راولپنڈی مسافر بسوں میں سفر کے دوران ہاتھ کی صفائی دیکھاتے ہوئے مسافروں کو ان کی رقم سے محروم کر دیتا تھا۔

کلر سیداں کے رہائشی محمد اکرام نے بتایا کہ گزشتہ روز وہ مقامی نجی بینک سے ایک لاکھ روپے سے زائد کی رقم لے کر مسافر بس کے ذریعے راولپنڈی جا رہا تھا کہ اسی دوران اس کے ساتھ بیٹھے ہوئے جیب تراش نے نشہ اوور چیز سنگھا کر میری جیب سے تمام رقم نکال لی اور دوسرے دن جب راولپنڈی جانے کےلئے ملزم گاڑی میں سوار ہو رہا تھا کو پہچان لیا اور پولیس کو اطلاع کر دی جس پر اے ایس آئی راجہ شاہد محمود نے جیب تراش کا تعاقب کر کے اسے قابو کر لیا۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ جیب تراشی کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ روپے تک دیہاڑی لگاتا ہے اور وہ زیادہ تر اپنا سفر کلر سیداں سے راولپنڈی جانے والی مسافر بسوں میں کرتا ہے اور آج پکڑا گیا۔ ادھر پولیس نے دوران تفتیش ملزم کی جیب سے 27 ہزار روپے کی مسروقہ رقم برآمد کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا ہے ۔