روات: مانکیالہ اسٹیشن سے افغانیوں کا پہلا قافلہ افغانستان روانگی کے لیے تیار، سامان لوڈنگ کا عمل جاری

تھانہ روات کی حدود مانکیالہ ریلوے اسٹیشن پر افغانستان جانے والے افغان باشندوں کے پہلے قافلے کی روانگی کے سلسلے میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، قافلے کے مسافروں کا سامان ٹرک میں لوڈ کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ متعلقہ ادارے اس تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ روانگی بخیر و خوبی مکمل کی جا سکے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ قافلہ اُن افغان شہریوں پر مشتمل ہے جنہوں نے حکومت پاکستان کے اعلان کے بعد رضاکارانہ طور پر واپسی کا فیصلہ کیا۔ سرکاری حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں افغان باشندے اپنے ساز و سامان کے ہمراہ قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، قافلے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات، مسافروں کی سہولت کے لیے بنیادی ضروریات اور سامان کی حفاظت کے انتظامات شامل ہیں۔ لوڈنگ کے دوران مانکیالہ اسٹیشن کی قریبی ابادی میں روات پولیس کے اہلکار تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ افغان شہری اپنے وطن واپسی کے موقع پر ملے جلے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ افراد خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے کہ وہ اپنے وطن واپس جا رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد جذباتی مناظر کا حصہ بنے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کی پالیسی کے تحت مختلف علاقوں سے افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اور مانکیالہ اسٹیشن سے یہ پہلا قافلہ روانہ کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا تاکہ افغان شہریوں کی واپسی پر امن اور منظم طریقے سے ممکن بنائی جا سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں