بعض لوگوں میں اوائل عمری اور کم سنی میں ہی خدمت خلق کا جذبہ بیدار ہوجاتا ہے،اسی جذبے کے تحت وہ ایسے ایسے کارہائے نمایاں سرانجام دیتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے،انہی افراد میں ایک نوجوان محمد صہیب علی یونس قریشی ایڈوکیٹ بھی ہیں،صہیب قریشی 31مارچ 2000کو وارڈ نمبر7حیات سر روڈ گوجر خان میں محمد یونس قریشی کے گھر میں پیدا ہوئے‘20سال کی عمر میں بی پی پی یونیورسٹی لندن سے ملحقہ روٹس آئی وی وائی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی‘9سال کی عمر میں یوم عاشور پر گوجر خان میں اپنے گھر کے باہر 2کلو دودھ خرید کر چھوٹی سی سبیل لگائی جو اب بڑھتے بڑھتے ڈیڑھ من دودھ تک پہنچ چکی ہے،یہیں سے خدمت خلق کا ایسا لپکا پڑا کہ گھر والوں سے زکوٰۃ کے پیسے لیکر رمضان میں مستحق خاندانوں میں راشن پیکٹ تقسیم کرنے شروع کر دیئے،18سال کی عمر میں 2018ء میں ”تقویت فاؤنڈیشن“کے نام سے ایک تنظیم بنائی جس کے تحت فلاحی سرگرمیوں کا باضابطہ آغازکیا،دربار قریش بڑی بن ڈھوک امب سے ملحقہ مسجد کا کچھ تعمیراتی کام کروایا،کھنیارہ شریف بُچہ نئی آبادی میں دربار کیساتھ اندر مسجد اللہ والی کی آدھی تعمیر مکمل ہوچکی تھی،اس مسجد کو خرید کر وہاں باقی ماندہ کام مکمل کروایا اب مسجد میں 70کے قریب بچے قرآن پاک کی ناظرہ تعلیم حاصل کررہے،رمضان المبارک میں ”تقویت“کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد میں پی ڈبلیو ڈی میں افطاردسترخوان کا آغاز کیا اور اگلے سال ہی گوجر خان میں 2مقامات اور بحریہ ٹاؤن میں بھی افطاردسترخوان قائم کردیئے، 23جون2022ء کوحیات سر روڈ گوجر خان میں تقویر دستر خوان کا آغاز کیا گیا ہے جہاں غریب دیہاڑی دار مزدور باعزت طریقے سے صرف 20روپے میں ایک وقت کا کھانا جی بھر کر کھاتے ہیں،ہفتے کے 6ایام میں دن ساڑھے بارہ بجے سے اڑھائی بجے تک 6مختلف قسم کا سالن بنایا جاتا ہے،دستر خوان کے انتظامی معاملات میں عامر خانزادہ بغیر کسی لالچ کے معاونت کرتے ہیں اور اپنی نگرانی میں دن کا کھانا تقسیم کرواتے ہیں،دستر خوان پر 2سے 3سو افراد روزانہ کھانا کھاتے ہیں،اس سے قبل گوجر خان میں بڑی پانی والی ٹینکی کے نیچے چوہدری محمد عظیم اور میاں زاہد کی معاونت سے بھی ایک لنگر چل رہا ہے لیکن تقویت دستر خوان اپنی طرز کا منفرد لنگر خانہ ہے،صہیب قریشی نے ایک ملاقات میں مستقبل کے منصوبوں بارے بتایا کہ ہر شہر میں ایک بڑی مسجد،اسکے ساتھ پسماندہ طبقات جیسے خواجہ سراؤں،مرد وخواتین کیلئے شیلٹر ہوم اور لنگر خانہ قائم کرنا میری خواہش ہے۔
185