125

وطن کی ترقی کیلئے تمام اختلافات بھلا کر یکجا ہو جائیں‘پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہم انتہائی با برکت و با عظمت ماہِ رمضان المبارک کے تیسرے عشرے جو کہ جہنم سے آزادی کا عشرہ ہے میں داخل ہو گئے ہیں اور آپ ﷺنے ارشاد مبارک فرمایا کہ بد بخت ہے وہ شخص جس نے رمضان المبارک کو پایا اور اللہ تعالیٰ سے اپنی بخشش نہ کر وا سکا اور اس بخشش کو پانے کے لئے ہمارے پاس واحد راستہ اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ کا ہے جس کی جانب رجوع کرنے کاحکم خود ربِ رحمان قرآنِ کریم میں ارشاد فر ما رہا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان جو اللہ کریم نے اسی ماہِ مبارک میں ہمیں عطا فرمایا،اس کی سلامتی او ر ترقی کے لئے ہم تمام تراختلافات بھلا کر ایک ہو جائیں، تحمل، اخوت، برداشت، رواداری اور مساوات کو فروغ دیں اور بھر پور کوشش کریں کہ اللہ تعالیٰ کا یہ مہمان ماہِ صیام ہم سے راضی ہو کر لوٹے۔حب رسولِ مقبول ﷺ ہم سے اس چیز کی متقاضی ہے کہ ہم حضور نبی رحمت ﷺ کی اتباع و غلامی میں اپنی زندگیاں بسر کریں۔آپ ﷺ نے ایک دن اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین کو مخاطب کر کے فرمایا کہ آپ کو ایک مرتبہ خوشخبری ہے اور بعد میں آنے والوں کو سات مرتبہ خوشخبری ہے۔ اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین نے عرض کی کہ اے اللہ کے رسول ﷺ وہ کون خوش قسمت ہیں جن کو آپ ﷺ سات مرتبہ خوشخبری عطا فر ما رہے ہیں تو حضور نبی رحمت ﷺ نے ارشاد مبارک فرمایا کہ یہ میری امت کے وہ لوگ ہیں جو قربِ قیامت کے وقت آئیں گے جبکہ ہر طرف سے فتنوں کا زور ہو گااس پر فتن دور میں یہ میرے امتی میری محبت میں ڈوب کر دینِ متین اسلام کی اعلیٰ ترین تعلیمات کو تھامے ہوئے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں