اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — سینیٹر فیصل واوڈا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں میں مٹھائی تقسیم کی اور کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم منظور ہو چکی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “آپ 27ویں ترمیم کی مٹھائی کھائیں اور 28ویں کی تیاری کریں۔”
فیصل واوڈا نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کیا ہے۔ “ہم نے اپنا کام کر لیا ہے اور جمہوری روایات کی پاسداری کر رہے ہیں،” انہوں نے کہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ “ایڈوانس مٹھائی کھانے آئے ہیں” کیونکہ “نوکری کے ساتھ نخرا نہیں چلے گا۔”
سینیٹر واوڈا نے ریاستی اداروں کے استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیفنس لائن کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “جتنی چیزیں ہو رہی ہیں، وہ ہٹ کے نہیں ہو رہیں۔ جو چیز اس صدر کے لیے ہوگی، وہ آگے آنے والے صدور کے لیے بھی ہوگی۔”
سیاسی مبصرین کے مطابق فیصل واوڈا کے بیانات سے عندیہ ملتا ہے کہ حکومت مستقبل میں مزید آئینی ترامیم لانے پر غور کر رہی ہے۔ تاہم، اس حوالے سے حکومتی یا پارلیمانی سطح پر تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔