واہ کینٹ۔ مسلم لیگ (ن) ضلع راولپنڈی کے صدر حاجی ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ یوم آزادی ایک دن ہی نہیں بلکہ قومی وحدت، قربانیوں کی یاد اور ملک سے محبت کا اظہار ہے اس دفعہ جشن آزادی اور معرکہ حق دونوں ایک ساتھ منائے جا رہے ہیں یہ دن ہمیں جرأت، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،
حال ہی میں قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت،عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا بلاشبہ یہ دن ہماری وحدت، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے عزم کی عظیم کامیابی کی علامت ہے، ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے مال آ ف واہ کی انتظامیہ کی جانب سے جشن آزادی کے رنگا رنگ پروگرام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) ٹیکسلا کے صدر حاجی فیاض خان تنولی،مسلم لیگ (ن) واہ کینٹ کے صدر راجہ سرفراز اصغر اور دی مال آف واہ کی انتظامیہ و عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی،اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا،شہریوں میں لکی ڈرا کے ذریعے انعامات تقسیم کیے گئے ۔
مسلم لیگ (ن) واہ کینٹ کے صدر راجہ سرفراز اصغر نے کہا کہ یہ دن یادگار دن ہے جس کو منانے پر ہمیں اور ہمارے نوجوانوں کو فخر ہے،یوم آزادی ایک ایسی نعمت ہے جس کی قدر صرف وہ لوگ جانتے ہیں جو اس نعمت سے محروم ہیں،ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت، بقا،اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،آخر میں پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔