222

یوم استحصال کشمیر:کچہری چوک میں واک کا انعقاد

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے زیر انتظام دفتر ڈپٹی کمشنر سے کچہری چوک تک ایک واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی وقاص سکندری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن راولپنڈی اعظم کاشف نے کی۔ واک میں سٹوڈنٹس اور اساتذہ کے علاوہ تاجر‘وکلاء اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں اور بھارت کے غاصبانہ اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی میں شریک سٹوڈنٹس نے ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ کے نعرے بھی لگائے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری نے کہا کہ 5 اگست 2019کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مقبوضہ کشمیر میں ظلم، جبر اور بربریت کی ایسی مثالیں قائم کی ہیں جن کی پوری انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور کشمیر میں جاری ظلم و ستم عالمی ضمیر کیلئے چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے تمام بھارتی مظالم کا ڈٹ کر اور صبر سے مقابلہ کیا ہے اور اب وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیر کے مظلوم عوام کو آزادی کی نعمت حاصل ہو گی۔سی ای او ایجوکیشن اعظم کاشف نے کہا کہ سٹوڈنٹس اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے جس جوش و جذبہ سے اس ریلی میں شرکت کی ہے وہ دیدنی ہے اور مظلوم کشمیریوں سے پرجوش انداز میں اظہار یک جہتی کیا ہے۔بعدازاں ریلی کے شرکاء پرامن انداز میں منتشر ہو گے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں