سہالہ(حماد چوہدری)ایس پی سواں زون خرم اشرف کی زیرِ صدارت کرائم سے متعلق ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں زون بھر کے تمام انویسٹی گیشن افسران کو طلب کیا گیا۔ میٹنگ میں جرائم کی صورتحال، جاری تفتیشی امور اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ایس پی سواں زون نے ان افسران کو سراہا جنہوں نے جرائم کی روک تھام اور تفتیش میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسی سلسلے میں پولیس اسٹیشن لوہی بھیر سے تعلق رکھنے والے اے ایس آئی محمد رفان کو شاندار کارکردگی پر شیلڈ سے نوازا گیا۔ایس پی خرم اشرف کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی محمد رفان ایک نوجوان، محنتی اور نہایت قابل پولیس افسر ہیں، جنہوں نے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ایسے ہی باصلاحیت اور جوان افسران کی ضرورت ہے جو ایمانداری اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کریں۔میٹنگ کے اختتام پر ایس پی سواں زون نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید مستعدی سے انجام دیں۔