ماحولیاتی تبدیلی، معیشت اور خارجہ تعلقات” رہے ستمبر کے سب سے نمایاں موضوعات گیلپ پاکستان کی رپورٹ

اسلام آباد(حذیفہ اشرف)گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کی نئی رپورٹ کے مطابق ستمبر دو ہزار پچیس میں ملک کے بڑے اخبارات میں سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والے موضوعات ماحولیاتی تبدیلی، معیشت، خارجہ تعلقات اور ثقافت و سیاحت رہے۔رپورٹ کے مطابق بارہ قومی اخبارات — جن میں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں کے اخبارات شامل تھے —

میں شائع ہونے والے اٹھارہ سو پچپن اداریوں اور تجزیاتی مضامین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نتائج کے مطابق،ماحولیاتی تبدیلی 13 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ موضوعِ بحث رہی۔معیشت 12 فیصد اور خارجہ تعلقات 11 فیصد کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ثقافت اور سیاحت 9 فیصد کوریج کے ساتھ نمایاں رہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اردو اور انگریزی اخبارات کے رجحانات میں واضح فرق نظر آیا۔انگریزی اخبارات میں معیشت، گورننس اور عالمی تعلقات پر زیادہ زور دیا گیا،جبکہ اردو اخبارات میں سیاست کو مرکزی توجہ حاصل رہی۔ماحولیاتی موضوعات میں سب سے زیادہ ذکر سیلاب سے بچاؤ اور قدرتی آفات کے انتظام پر ہوا،جو چھپن فیصد کوریج کے ساتھ سرفہرست رہا۔

رپورٹ کے مطابق گیلپ پاکستان کا کہنا ہے کہاس تجزیے کا مقصد یہ جاننا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں کن موضوعات کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے،تاکہ میڈیا پالیسی، مواد کے معیار اور عوامی مباحثے کو بہتر بنایا جا سکے۔