سرزمین کلرسیداں کے علاقہ ٹیالہ دوبیرن میں اک عظیم الشان دوسری سالانہ محفل میلاد شریف کا انعقاد محمد زرین بھٹی و اہلخانہ نے نہایت عقیدت و احترام کیساتھ کیا۔ اس محفل شریف کے مہمانان خصوصی میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان‘ آل نبی اولادِ علی پیر سید ریاض حسین شاہ، پیر سید علی جنید الحق گولڑہ شریف اور پیر سید محمد جابر علی ہمدانی بھنگالی شریف شامل تھے۔
محفل میلاد میں تلاوت و نعت کی سعادت سید الطاف شاہ کاظمی، ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی، ساجد علی چشتی، بدر الاسلام بدر، قاری سعد اللہ شاکر، قاسم حسا ن، کمال ثانی، طاہر عباس بغدادی، حافظ محمد ریحان نقشبندی،محمد فیصل قادری اور دیگر نے حاصل کی۔ محفل کا انعقاد المعین منزل ٹیالہ دوبیرن میں کیا گیا۔ اس محفل میلاد میں شرکت کرنیوالوں کے لیئے 11 عمرہ ٹکٹ کا انعام رکھا گیا تھا جبکہ موقع پر چودہ خوش نصیبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعہ ٹکٹ دیئے گئے۔ ان خوش نصیبوں میں عابدحسین،مقصود حسین، محمد صغیر، مبین شوکت،محمدبلال علی، با بر علی، حسن علی،تاسف محمود، محمدندیم، منیر حسین شاہ، طارق عزیز،عمرطاہر،محمدبلال اور محمد شفیق شامل ہیں۔
محفل کے شرکاء کے لیئے بارہ ہزار افراد کا خصوصی لنگر تیار کیا گیا تھا جس سے تمام شرکاء کی بطریق احسن تواضع کی گئی۔ یاد رہے کہ یہ دوسری سالانہ محفل میلاد تھی جس کا انعقاد ٹیالہ دوبیرن میں کیا گیا۔ پہلی محفل میلاد میں 5 خوش نصیبوں کو مکمل عمرہ پیکج پیش کیا گیا تھا۔ قارئین کو بتاتے چلیں کہ محمد زرین بھٹی پاکستان میں یہ دوسری سالانہ محفل نعت انعقاد کروا رہے ہیں جبکہ ساؤتھ ہال لندن میں ستائیس سال سے محفل میلاد کا انعقاد کر رہے ہیں۔اس محفل میلاد میں پیر سید ریاض حسین شاہ، پیر سید علی جنید الحق سمیت دیگر خطباء نے محبت و الفت رسول اللہ و آل رسول علیہم السلام کو حاصل زندگی قرار دیا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کی تلقین کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان تھے۔ سردار سلیم حیدر خان نے اپنی گفتگو سے عشاق رسول کے دلوں کو موہ لیا۔ یاد رہے کہ گورنر پنجاب کی شہرت اک فقیر و درویش منش شخصیت کی ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سرکار خاتم النبین صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی وجہ تخلیق کائنات ہیں اور محمد وآل محمد کی اطاعت ہی میں نجات ہے۔ محبت محمد و اہلبیت ہی سرمایہ حیات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہلبیت رسول کی محبت کا جوہر رکھنے افراد خوش نصیب لوگ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انہوں نے سیاسی زندگی میں کھبی بھی کسی لابی یا سفارش کا سہارا نہیں لیا۔ وفاقی حکومت کے قلمدان ہوں یا گورنر پنجاب کا عہدہ اس سب کو محبت رسول و آل رسول کا ثمر قرار دیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جب بھی کسی پریشانی یا مشکل کا شکار ہوتا ہوں تو نماز فجر کے بعد دو رکعت نماز حاجت پڑھ کر اللہ کو اسکے پیاروں کا واسطہ پیش کرتا ہوں تو مشکل و پریشانی ختم ہوجاتی ہے۔
سردار سلیم حیدر خان گورنر پنجاب نے اس موقع پر اپنے سفر عشق پاپیادہ نجف اشرف تا کربلا معلی کے روحانی لطف کا ذکر بھی کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اس دورہ میں نہ صرف محفل میلاد شریف میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی یونین کونسل دوبیرن کے صدر بزرگ رہنما قاضی اختر محمود کے گھر پر ضیافت میں بھی شرکت کی۔ قاضی اختر کی رہائش گاہ پر گورنر پنجاب کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف شفیق ستی بھی موجود تھے۔ جبکہ سینیئر نائب صدر پیپلز لیبر بیورو ضلع راولپنڈی بدر بشیر بدر،صدر یوسی لہڑی چوہدری آصف رشید، عشرت حسین بھٹی، عمر فاروق، راجہ کاشف،قاضی ناصر، قاضی فہد اور دیگر افراد موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر قاضی اختر محمود و دیگر کیساتھ علاقائی سیاسی امور و پارٹی کے حوالہ سے گفتگو و شنید کی۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.