گوجرخان کےعبدالستار ایدھی بنے جلیل کیانی

”عبدالستارنیازی/ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے، آتے ہیں جو کام دوسروں کے“ بہت سی فلاحی تنظیمیں اپنے اپنے طور پرانسانیت کی خدمت کررہی ہیں اور یقینا ان تنظیمات میں 99فیصد وہ ہیں جو مخیر حضرات، بیرون ممالک سے چندہ، امداد اکٹھی کرکے غریبوں، مستحقین، نادرا، یتیموں اور بیواؤں تک پہنچاتے ہیں جبکہ صرف 1فیصد تنظیمات یا لوگ ایسے ہیں جو صرف اپنے بزنس، آمدنی کے بل بوتے پر فی سبیل اللہ مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہیں، پاکستان میں نام گنے جائیں تو ان میں عبدالستار ایدھی، منہاج فاؤنڈیشن، سہارا ویلفیئر، چھیپہ، آغوش، بیت المال، ہلال احمر، الخدمت فاؤنڈیشن وغیرہ کے نام سرفہرست نظر آتے ہیں جن کی خدمات واقعی قابل تعریف ہیں،کسی ایک شخص کی زندگی بہت سارے اشخاص کی زندگیوں پر جب برتری رکھتی ہو تو ایسے افراد معاشرے میں لائق تحسین ہوتے ہیں، اس دور جدید میں جہاں ہر شخص اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کا سوچتا ہے، جب ہر کوئی اپنے گھر کی روٹی پوری کرنے کیلئے پورا دن، ہفتے، مہینے اور سالہا سال جدوجہد کرتا نظرآتاہے اس دور میں معاشرے میں ایسے افراد ناپید ہوتے جارہے ہیں جو بغیر کسی لالچ، غرض، نمودونمائش انسانیت کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں، گوجرخان وہ دھرتی ہے جس نے ہمیشہ ایسے سپوتوں کو جنم دیا جنہوں نے اس دھرتی ماں کے ساتھ وفا کی، انہی سپوتوں میں ایک سپوت راجہ جلیل کیانی بھی ہے جس کو اہلیان گوجرخان نے ”گوجرخان کے عبدالستار ایدھی“ کے لقب سے نوازا ہے، ویلفیئر کے حوالے سے بہت بڑے کام انہوں نے سرانجام دیئے، ان کا آغاز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان سے تھا اور اب بھی وہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ہی ہیں کیونکہ یہ ہسپتال لاکھوں کی آبادی کا وہ واحد ہسپتال ہے جہاں پوری تحصیل سے لوگ علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں، دکھی بے سہارا لوگوں کیلئے سول ہسپتال میں راجہ جلیل کیانی کی موجودگی کسی نعمت عظمیٰ سے کم نہیں ہے،راجہ جلیل کیانی نے اس مشن کو باقاعدہ پلیٹ فارم بنانے کیلئے اس ویلفیئر کے پراجیکٹ کو مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی گوجرخان کا نام دے رکھا ہے، عوامی ویلفیئر کے پراجیکٹس میں مستحق افراد کیلئے علاج معالجہ کی فری سہولت، فری ایمبولینس سروس، فری ادویات،فری ٹیسٹ، خون عطیات، موذی امراض کے علاج تک خطیر رقم اس پلیٹ فارم سے خرچ کی گئی ہے، لاوارث افراد کو ان کے ورثاء تک پہنچانے، لاوارث لاشوں کی تدفین کا کام بھی ویلفیئر سوسائٹی اپنا فرض سمجھ کر کررہی ہے، جس میں انہیں مخیر حضرات، کاروباری حضرات، سماجی و سیاسی رہنماؤں کا ساتھ حاصل ہے،تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی انتظامیہ ان کے بھرپور ساتھ پر ان کی ہمہ وقت مشکور رہتی ہے، اب گزشتہ روز مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام پینے کے صاف پانی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا،جہاں پر روزانہ فلٹر شدہ پانی عوام کو دستیاب ہوگا، اس موقع پر سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی چوہدری محمد عظیم، ایم پی اے چوہدری جاوید کوثر، امیدوار میئر سٹی ثاقب علی بیگ ایڈووکیٹ، شہزادہ خان، عبدالغفور کیانی، راجہ آصف، چوہدری محبوب، چوہدری ظفر پگاڑا سمیت علاقہ کی معزز شخصیات موجود تھیں، تمام افراد نے فرداً فرداً راجہ جلیل کیانی کے مشن کو اپنے اپنے الفاظ میں سراہا، چوہدری محمد عظیم نے اس موقع پر جو دلچسپ بات کی وہ قابل ذکر اس لئے ہے کہ اس بات کا بہت گہرا تعلق گوجرخان کے عبدالستار ایدھی کیساتھ بنتاہے، چوہدری عظیم نے اظہار خیال میں جلیل کیانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے زندگی میں ایک الیکشن لڑا تھا جس میں انہیں شکست ہوئی تھی اور انہوں نے اس کے بعد زندگی میں کوئی الیکشن نہیں لڑااور آج دنیا عبدالستار ایدھی کو سیاست کی وجہ سے نہیں بلکہ عظیم کارناموں کی وجہ سے جانتی ہے، آپ نے بھی ایک ہی الیکشن لڑاہے اس لئے آپ بھی آئندہ الیکشن نہ لڑیں، مجھے یقین ہے کہ مالک آپ سے اپنی مخلوق کی بھلائی کے بہت بڑے بڑے کام لے گا، راجہ جلیل کیانی نے اس موقع پر کہا کہ تحصیل بھر سے ہمارے پاس غریب مستحق نادار افراد آتے ہیں جن کے علاج معالجہ کیلئے ہم تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہیں، جس سطح پر جس مریض کو جیسے علاج کی ضرورت ہوتی ہے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اپنے طور پر حتی الوسع کوشش کرکے انہیں ریلیف دلوا سکیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ گوجرخان کے عبدالستار ایدھی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ان کیساتھ ہر ممکن تعاون کیاجائے تاکہ سول ہسپتال گوجرخان میں آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں۔ والسلام

اپنا تبصرہ بھیجیں