گوجرخان واپڈا کی جانب سے بجلی چوری کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا



گوجرخان واپڈا کی جانب سے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے جاری خصوصی کریک ڈاؤن میں گلیانہ سب ڈویژن نے ایک اور کامیاب کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ڈھوک فتح محمد میں بجلی چوری کو بےنقاب کر دیا۔ پولیس نے موقع سے شواہد حاصل کرنے کے بعد نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او گلیانہ جہانزیب خان اپنی ٹیم کے ہمراہ انسدادِ بجلی چوری مہم کے تحت مختلف علاقوں کی اچانک چیکنگ کر رہے تھے کہ ڈھوک فتح محمد میں عبدالقَیوم نامی شہری کے گھر سے بجلی براہِ راست بغیر میٹر کے ڈائریکٹ لائن کے ذریعے استعمال ہوتی پائی گئی۔ ٹیم نے موقع پر بجلی چوری کے واضح شواہد جمع کیے اور رپورٹ مرتب کی۔
ایس ڈی او جہانزیب خان نے پولیس کو تحریری درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور بجلی چوری کے جرم کا ارتکاب کیا ہے، جس پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پولیس نے درخواست موصول ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالقَیوم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری ملک میں توانائی بحران کی بڑی وجہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔